لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے مزنگ چوک،لٹن روڈ،شنگھائی پل، فیروزپور روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں اور مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ڈویژنل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔سربراہ لاہورپولیس نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور لا اینڈ آرڈر یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس کی آپریشنل سٹرٹیجی پر عملدرآمدکا بھی جائزہ لیا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن صاعد عزیز و دیگرافسران نے سی سی پی او لاہور کو امن و امان کی مجموعی صورتحال اور لاہور پولیس کے سکیورٹی اقدامات بارے بریفنگ دی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے پبلک اور اہم مقامات کی سکیورٹی پر تعینات افسران اور اہلکاروں سے گفتگو کی امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کیلئے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں انتشار اور بدامنی پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے۔ مارکیٹیں،بازار،اور غریب شہریوں کاروزگار زبردستی بند کروانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،ایسے عناصر کیخلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔ حکومتی رٹ کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا،شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔سی سی پی او لاہور نے ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو اور تھانوں کی ٹیموں کو اہم مقامات کے گرد و نواح میں مسلسل اور موثر پٹرولنگ یقینی بنانے جبکہ بلند عمارات پر تعینات سنائپرز کو ہر قسم کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔