روم(شِنہوا)امریکی صدر جو بائیڈن نے جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون سے ملاقات کی جس میں جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزوں کے معاہدے کی وجہ سے دونوں ممالک کے اعتماد کو بحال کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ستمبر کے وسط میں امریکہ اور برطانیہ نے کہا تھا کہ وہ اے یو کے یو ایس(اوکس) کے نام سے معروف ایک نو تشکیل شدہ سہ فریقی سیکورٹی معاہدے کے تحت جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کے حصول میں آسٹریلوی بحریہ کی مدد کریں گے، جس کے بعد فرانس آسٹریلیا کو 12 روایتی آبدوزیں فراہم کرنے کے موجودہ معاہدے سے محروم ہو گیا ہے۔ جوبائیڈن نے یہ سب جان بوجھ کر نہ کرنے کا دعوی کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ اس تاثر میں تھے کہ فرانس کو بہت پہلے مطلع کر دیا گیا تھا کہ فرانسیسی معاہدہ نہیں ہو رہا ہے۔ میکرون نے اصرار کیا کہ فرانس کے اعتماد کو الفاظ سے نہیں بلکہ اعمال سے دوبارہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء سربراہ اجلاس کے موقع پر متعدد کثیرالقومی تنظیموں کے رہنمائوں نے گروپ 20 کے رکن ممالک سے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس کا کہنا ہے کہ ممالک کے درمیان بداعتمادی کی خطرناک سطح پائی جاتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ رواں ہفتے کے آخر میں ہونے والے اس سربراہ اجلاس سے اس مشکل کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔