اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) اقوام متحدہ میں قائم مقام مستقل مندوب سفیر عامر خان نے انسانی حقوق کونسل کی سالا نہ رپورٹ پیش کرنے پر صدر ہیومن رائٹس کونسل کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا ہے پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف حملوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور ان کی حفاظت، سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنائے ۔ عبادت گاہوں اور ورثے کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے خطاب کر تے ہو ئے کہا اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقوں اور غیر ملکی قبضے کے تحت علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر کونسل کی طرف سے بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے کونسل کے "روک تھام کے مینڈیٹ" کے حامی غیر ملکی قبضے اور اجنبی تسلط کے حالات میں اس مینڈیٹ کی مطابقت اور اطلاق کو نظر انداز کرتے نظر آتے ہیں۔ جس کی وجہ سے انسانی حقوق کی سنگین، منظم اور وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں ہوتی ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کونسل کی روک تھام کے ایجنڈے کی حمایت کرنے والے ممالک سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں اور اپنی اور کونسل کی ساکھ کی خاطر، غیر ملکی قبضے کے حالات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جرائم کا ارتکاب کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں۔ ان انتہا پسند اور دہشت گرد گروہوں کو سلامتی کونسل سمیت اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے ڈھانچے کے دائرے میں لایا جانا چاہیے۔