ڈینگی سے پنجاب میں مزید 4افراد جاں بحق حالات بگڑنے لگے اموات اور کیسز میں اضافہ

Oct 31, 2021

 لاہور(سٹی رپورٹر) گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ پنجاب، خیبر پی کے اور سندھ میں حالات بگڑنے لگے، اموات اور کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ گئی۔ پنجاب میں ڈینگی سے مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 594 نئے مریض سامنے آئے۔لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 452 نئے مریض سامنے آگئے۔ راولپنڈی سے ڈینگی کے 49، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سے 12 مریض رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں ڈینگی سے ایک مریض دم توڑ گیا۔رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں چوبیس گھنٹے کے دوران ڈینگی کے مزید 253 کیسز، پشاور میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 179 کیسز سامنے آئے۔ پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے 170 مریض زیرعلاج ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی سے اب تک 8 اموات ہو چکی ہیں۔دوسری جانب محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لئے کارروائیاں تیز کر دیں۔ ٹیموں نے پنجاب بھر میں 412,209 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔ 1,610 ان ڈور اور آؤٹ مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ لاہور میں 1,135 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔

ڈینگی

مزیدخبریں