پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کرنے کی تجویز مسترد، عوام پر پڑنے ولا بوجھ خود برداشت کررہے ہیں: عمران

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعظم عمران خان  نے یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ  کیا ہے،  پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی، وزیرِ اعظم نے عوامی ریلیف کے پیشِ نظر اوگرا اور وزارتِ خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز مسترد کر دیں اوگرا نے عالمی منڈی میں پٹرولیم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر یکم نومبر سے پاکستان میں پٹرول کی قیمت 11.53 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل 8.49 روپے، مٹی کا تیل 6.29 روپے اور لائٹ ڈیزل 5.72 روپے بڑھانے کی تجویز دی تھی۔ وزیرِ اعظم نے تجویز کردہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بڑھانے سے روک دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ حکومت عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کی بجائے عوام کے ریلیف کو ترجیح دے رہی ہے۔ اوگرا  کی جانب سے تجویز کردہ حالیہ  اضافے کی مد میں عوام پر پڑنے والے  بوجھ کو حکومت خود برداشت کررہی ہے اس وقت پٹرول کی قیمت 137.79 روپے، ایچ ایس ڈی کی قیمت 134.48 روپے لٹر ہے۔

ای پیپر دی نیشن