لاہور (نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور تحمل و برداشت کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ دین اسلام نے امن کا درس دیا ہے اور دین اسلام میں پرتشدد رویوں کی کوئی گنجائش نہیں۔صوبے میں امن و عامہ برقراررکھنے کی ذمہ داری ہر صورت پوری کریں گے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس میں عثمان بزدار نے صوبے میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ علاوہ ازیںعثمان بزدارسے تحریک انصاف کے رہنما و سابق ایم این اے رائے حسن نواز نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن کی تعمیر و ترقی کیلئے علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج پر کام جاری ہے۔ ساہیوال میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جو علاقے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تھے، انہیں آگے لے کر جا رہے ہیں۔ اپوزیشن کو ملکی مفادات کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا چاہیے۔ عثمان بزدار نے جان محمد جمالی کو بلوچستان اسمبلی کا بلامقابلہ سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔