ورلڈ کپ میں فتوحات کی ہیٹرک، پاکستان سیمی فائنل سے ایک قدم دور

دبئی میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ 2021 میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ہفتہ  30اکتوبرکو گروپ اے میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 4وکٹس سے جبکہ انگلینڈ نے  آسٹریلیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست  دے کر 2،2پوائنٹس حاصل کر کر لئے  دوسری جانب گروپ بی میں پاکستان متواتر تین فتوحات کے ساتھ سر فہرست ہے بلکہ بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد  اگلے مرحلے کے لئے ر اہ ہموار کر لی ہے اور سیمی فائنل کے لئے ایک قدم دوری پر ہے جس کے لئے گروپ میچز میں نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ سے مقابلہ کرنا ہے ۔
 سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے  افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کی ۔اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں مضبوط ٹیم  ببھارت کو 10وکٹوں سے ہرا کر قوم کو خوشی کی نوید دی اور دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچا دیا بعد ازاں نیوزی لینڈ جو کہ دورہ پاکستان منسوخ کر کے واپس چلی گئی تھی جس کے باعث شائقین کرکٹ مایوس تھے کیویز کو 5وکٹوں سے ہرا کر قوم کی خوشیوں  کو دوبالا کر دیا ۔تیسری کامیابی افغانستان کے خلاف تھی جس میں قومی کرکٹر آصف علی 6گیندوں پر 4چھکوں کے ساتھ شاندار اننگز کھیل کر ہیرو بن گئے ۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آصف علی نے دونوں اننگز بڑی اچھی کھیلی، مجھے یقین تھا کہ آصف علی جب بھی میچ پھنسے گا وہ نکال کر دیں گے۔ بابر اعظم نے کہا کہ جس طرح آصف علی سے امید تھی ویسا ہی کھیل انہوں نے پیش کیا، آصف علی ہٹنگ کی وجہ سے ہی جانے جاتے ہیں۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی اور ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف مسلسل شکست کی روایت کو توڑ دیا۔ ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھارت کے خلاف پارٹنر شپ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔اس سے قبل پاکستان کا بھارت کیخلاف بہترین شراکت کا ریکارڈ 106 رنز تھا، جو 2012 میں محمد حفیظ اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ پر بنایا تھا۔ایونٹ میں 10وکٹوں سے تاریخی فتح پر شکست خوردہ ٹیم بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا اور بابر اعظم اور محمد رضوان سے بغلگیر ہوتے ہوئے مبارکباد دی جس کا میڈیا پر بھروپور تذکرہ ہوا اور کوہلی کے اس عمل کو سراہا گیا تاہم بعض بھارتی عوام سے خوشیاں برداشت نہ ہو سکیں اور بھارت اور جموں و کشمیر میں اس جیت کا جشن اور اظہار مسرت کرنے پر غیر اخلاقی،پرتشدد اور انتقامی کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔
ورلڈ کپ میں قومی ٹیم  کی ان فتوحات نے نہ صرف پاکستان میں رہنے والے افراد بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی خوشی کے اظہار کا موقع فراہم کیا جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔اس خوشی اور جشن کا سب سے پہلا اظہار تو پاکستانی شائقین نے اسٹیڈیم کے اندر موجود بھارتی شائقین کے سامنے ہی کیا۔سوشل میڈیا پر شائقین کا مختلف طریقے ساے اظہار مسرت اور جگتیں قابل ذکر ہیں۔ایک صارف نے اسٹیڈیم میں موجود بابر اعظم کے والد کی ویڈیو شیئر کی، پاکستان کے میچ جیت جانے کے بعد بنائی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرط جذبات سے بابر کے والد کی آنکھوں میں آنسو  آگئے۔متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے اور اسی وجہ سے متحدہ عرب امارت کو پاکستان کے لیے دوسرا ہوم گراؤنڈ بھی کہا جاتا ہے۔اس بات کا اظہارگزشتہ روز پاکستان کی فتح کے بعد دبئی میں نکلنے والی پاکستانیوں کی ریلی سے بھی ہوا۔سینئر صحافی اور اینکر پرسن نسیم زہرہ نے پاکستان کی فتح کے بعد سری نگر کی ویڈیو شیئر کی جس میں سیکڑوں افراد کو پاکستان کی جیت کا جشن مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔برطانوی دارالحکومت لندن میں مقیم پاکستانیوں نے بھی بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح پر کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ پاکستانیوں نے اس جیت کا جشن بھی فتح کے شایانِ شان منایا ہے۔
پاک بھارت میچ اور اس کے نتیجے میں پاکستان کی تاریخی فتح پر کرکٹ شائقین کی نظریں تو تھیں ہی لیکن ساتھ ہی سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ کی دنیا کے معروف ناموں نے بھی نہ صرف اس میچ کو اہمیت دی بلکہ میچ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔سابق بھارتی کھلاڑی عرفان پٹھان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ تو دل ٹوٹا آخر کار۔ ہمارے پڑوسی اچھا کھیلے آج۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ بھارت ضرور واپسی کرے گا۔بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے بھارتی بالنگ کے حوالے سے کہا کہ بھارت کی بالنگ میں کوئی جان نہیں تھی اور اس نے مخالف ٹیم کے سامنے کچھ زیادہ چیلنجز نہیں رکھے۔اس سے قبل کی گئی ایک ٹوئٹ میں ہرشا بھوگلے نے میچ کے بعد نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں اور ایم ایس دھونی کی ملاقات کو بھی سراہا۔انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کمنٹیٹر اور سابق کھلاڑی مائیکل وان نے پاکستان کی فتح پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پی سی بی کو مبارک باد دی اور کہا کہ فیورٹس کی پٹائی کرنا اسے کہتے ہیں۔سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر نے ایک ٹوئٹ کی جس میں بھارتی کرکٹر ہربجھن سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ ہاں جی! واک اوور چاہیے؟کرکٹ کمنٹیٹر اور سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن نے بھی پاکستان کی فتح کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف اس زبردست جیت کے بعد میری رائے میں پاکستان اب فیوریٹ ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ مدثر نذر نے کہاکہ افغانستان کی ٹیم کسی بھی حریف ٹیم کو مشکل میں ڈال سکتی ہے جبکہ افغانستان کے اسپنرز تو اچھے ہیں ہی ٹاپ آرڈر بیٹسمین بھی تیز کھیلتے ہیں، ان کی ٹیم جس دن 150یا 160رنز کر گئی ان کے اسپنرز مشکل میں ڈالیں گے۔ پاکستان ٹیم کا کمبی نیشن اچھا بن گیا ہے اور ٹیم زبردست کرکٹ کھیل رہی ہے، ٹیم میں آخری وقت میں کی گئی تبدیلیوں سے فرق پڑا ہے۔ شعیب ملک سینئر کھلاڑی ہیں کم بیک سے فائدہ ہوا ہے جب کہ کپتان بابر اعظم میچور ہو گئے ہیں وہ متحر ک اور پرفارمر ہیں، ٹیم میں ان کا اثر بڑھ گیا ہے۔بابراعظم اور محمد رضوان کی بہترین بلے بازی اور شاہین شاہ آفریدی کی بہترین بالنگ نے میچ کو یک طرفہ بنادیا ۔ مگراس میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میچ کے دوران کئی ریکارڈ جہاں پاش پاش ہوئے وہیں پاکستانی کپتان کی کھل کر تعریف کی گئی ۔ یہ تعریف بھی بھارتی کمنٹریٹرز کی جانب سے کی گئی ۔ بھارتی ٹیم کی شکست اور پاکستانی فتح کے ساتھ ہی بھارتی کمنٹریٹر نے بابراعظم کو" مغلِ اعظم " کا خطاب دیدیا ۔

ای پیپر دی نیشن