کراچی ،ساحل پرپھنسے بحری جہازہینگ ٹونگ 77 کی روانگی کی تیاریاں 

کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی کے ساحل( سی ویو) پرپھنسے بحری جہازہینگ ٹونگ 77 کی روانگی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جہاز روانگی کا پہلا این اوسی جاری کردیا گیاہے۔ جہازکے مالک کی جانب سے پورٹ چارجزسمیت پاک بحریہ کے واجبات کی رقم کے چیک ادا کردئیے گئے۔ 1 کروڑ 55 لاکھ 48 ہزار402 روپے ادائیگی کا چیک کے پی ٹی حکام کوموصول ہوگیا۔ چیک کلیئرنس پراسس میں حکام نے تحریری طورپرچیک ریسیونگ سے بھی آگاہ کردیا ہے۔پاک بحریہ کے80 لاکھ کے واجبات کا چیک بھی ادا کردیاگیا۔ جہازکوپاکستانی سمندری حدود سے کھینچ کرلے جانیوالی الوہاش ٹگ بوٹ بھی کے پی ٹی پہنچ گئی۔ ٹگ بوٹ کا روٹ اورجہازکھینچنے سے متعلق پلان بھی کے پی ٹی حکام کے حوالے کردیا گیا۔ میرین مرکنٹائل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اب سروے مکمل کیا جائیگا۔ سروے مکمل ہونے پرجہازکوپورٹ کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائیگا۔واضح رہے کہ 20 اور21 جولائی کو جہاز انجن خراب ہونے سے تیزہوائوں کے ذریعے سی ویوپرآکرپھنس گیا تھا اور 7ستمبرکو جہازکو سی ویو سے نکال کرایس اے پی ٹی ٹرمینل پراینکریج کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن