پاکستان کی 13 سال بعد آسٹریلیا میں پہلی فتح ، نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست 

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے 17 ویں میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ یہ 13 سال کی کوشش کے بعد آسٹریلین سرزمین پر پاکستان کی پہلی ٹی ٹونٹی فتح ہے۔ پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں نیدر لینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے اننگز کے تیسرے اوور میں سٹیفن مے برگ کو 6 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ 7ویں اوور میں 19 کے مجموعی سکور پر شاداب خان نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلوائی جب ٹام کوپر کو ایک رن پر آئوٹ کیا۔ تیسری وکٹ 26 رنز پر گری، شاداب خان نے میکس اوڈوڈ کو 8 رنز پر پولین بھیجا۔ شاداب خان نے 15 ویں اوور میں نیدرلینڈز کے 61 کے سکور پر کولن ایکرمین کو آؤٹ کیا۔ اگلے اوور میں نسیم شاہ نے کپتان کو 15 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ 17 ویں اوور میں حارث رؤف نے اگلے بیٹر کو بولڈ کیا۔ محمد وسیم نے اننگز کے 19ویں اوور میں نیدرلینڈز کے لگاتار 2 بیٹرز کو بولڈ کیا۔ انیس کے مجموعی سکور پر حارث رئوف کے بائونسر پر ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے بیس لے لیڈ نے چھ رنز بنائے تھے تاہم وہ بیٹنگ کیلئے دوبارہ نہ آسکے اور ریٹائرڈ آئوٹ ہوئے‘صرف دو کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 9وکٹوں پر91رنز بناسکی۔ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک ایک، وسیم جونیئر نے دو جبکہ شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور یہ پارٹنرشپ صرف 2 اوورز ہی قائم رہی۔ دوسرے اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ 53 کے مجموعی سکور پر 8 ویں اوور میں گری جب فخر زمان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر محمد رضوان 49 بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ شان مسعود نے 16 گیندوں پر 12 جبکہ افتخار احمد نے 5 رنز بنائے۔ قومی ٹیم نے ہدف 13.5اوورز میںچار وکٹوں پر حاصل کیا۔  برینڈن گلوور نے دو جبکہ پال وین میکرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ 3نومبر کو سڈنی میں جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن