اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے اسلام آباد انتظامیہ سے کہا ہے کہ ہمیں اسلام آباد دھرنے جلسے کیلئے این او سی فوری طورپر جاری کیا جائے ورنہ تاخیر توہین عدالت کے زمرے میں آئے گی۔ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے یا دھرنے کے مقام کے تعین کیلئے پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ کے خط کا جواب دیدیا۔ خط کا جواب صدر تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان کی جانب سے دیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے 28 اکتوبر کو بذریعہ خط تحریک انصاف اسلام آباد سے کچھ معلومات مانگی تھیں۔ انتظامیہ کو مطلوب معلومات مہیا کی جا چکی ہیں۔ انتظامیہ فوری طورپر پرامن جلسے/ دھرنے کے انعقاد کیلئے این او سی جاری کرے۔ علی نواز اعوان نے مزید کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تاخیر توہین عدالت کے زمرے میں آئے گی۔