کرم (نوائے وقت رپورٹ) این اے 45 کرم کے ضمنی الیکشن میں عمران خان نے کامیابی حاصل کر لی۔ تمام 143 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق عمران خان 20 ہزار 748 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل جے یو آئی ف کے امیدوار جمیل خان نے 12 ہزار 718 ووٹ حاصل کئے۔ یہ نشست تحریک انصاف کے ایم این اے ملک فخر زمان کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی‘ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیدوار ملک جمیل خان سمیت 14 امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 618 ہے جبکہ 143 پولنگ سٹیشنز میں سے 119 کو حساس جبکہ 24 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔