لاہور( این این آئی)سیکرٹری وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ظفر حسن نے کہا ہے کہ سیلاب سے پاکستان میں 8 ملین ایکڑ سے زائد فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اور 1.34 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔ چین اور پاکستان نے پہلے ہی ایک گرین کوریڈور شروع کیا ہے تاکہ فوڈ سکیورٹی ،بیجوں کی نئی ترقی، فصلوں کی پیداوار، کارپوریٹ فارمنگ اور آبپاشی وغیرہ کے شعبوں میں تعاون کو مزید ہموار کیا جا سکے۔ ایک انٹر ویو میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا زیادہ اثر زراعت کے شعبے پر پڑے گا، جس سے نمٹنے اور موافقت کیلئے میکانزم بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ اندازہ بھی لگایا گیا ہے کہ محدود سطح کے ساتھ ساتھ زمینی پانی کے وسائل پر بھی بہت زیادہ دبا ئوپڑے گا۔ پاکستان نے حال ہی میں چین پاکستان اقتصادی راہداری میں تعاون کے ایک نئے شعبے کے طور پر’’آبی وسائل کے انتظام اور موسمیاتی تبدیلی‘‘کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
یہ تجویز پانی کے وسائل کے موثر انتظام اور موسمیاتی لچکدار انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے حکومت پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان ہونے والے مشترکہ ورکنگ گروپ کے تیسرے اجلاس میں پیش کی گئی تھی جو اس سے قبل طویل المدتی کا جائزہ لینے کیلئے منعقد ہوئی تھی۔ حکومت پاکستان پرامید ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں چین کی مدد سے پاکستان زراعت کے شعبے کو مستقبل میں آنے والے سیلابوں اور خشک سالی جیسی آفات سے بچانے میں کامیاب ہو جائے گا۔
سیلاب سے پاکستان میں 8 ملین ایکڑ سے زائد فصلوں کو نقصان پہنچا : ظفر حسن
Oct 31, 2022