کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا قیام محکمہ زراعت کا احسن اقدام،وزیر زراعت پنجاب

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا قیام محکمہ زراعت پنجاب کا احسن اقدام ہے۔ کپاس پر تحقیق کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ اس عمارت کی تعمیر حکومت پنجاب کا  ایک عظیم تحفہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میں کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ کپاس کی ایسی اقسام کی دریافت وقت کی اہم ضرورت ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھتی ہوں اور بہتر پیداوار کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ کیڑوں و بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت کی حامل ہوں تاکہ کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار اور آمدن میں اضافہ سے ملکی معیشت کو مضبوط بنیاد پر استوار کیا جاسکے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اور کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے کپاس کی جدید اقسام کی دریافت پر تحقیق جاری ہے۔ اس منصوبہ کے تحت کپاس کی اقسام کی دریافت کیلئے جینز داخل کرنے کیلئے ٹرانسفارمیشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت تیارکردہ جی ایم او لائنز کا مالیکیولر تجزیہ کیاجارہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایم این زرعی یونیورسٹی نے کپاس کی اقسام کی سیلیکشن، لیبارٹریز میں استعمال ہونے والے آلات کی خریداری، گرین ہاؤس کا قیام، بی ٹی اور جی ٹی جینز کی ٹرانسفارمیشن، سکریننگ، ٹرانسجیننگ پودوں کا مالیکیولر تجزیہ سمیت دیگر فیزیکل اہداف بھی حاصل کرلئے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑائچ، چیف سائنٹسٹ ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ محمد نوازخان میکن، چیف ایگزیکٹیو پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ ڈاکٹر عابد محمود، سابق ڈی جی ریسرچ ڈاکٹر ظفر قریشی،صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر، چیئرمین پی سی پی اے رؤف الرحمن سمیت دیگر نے بھی اظہار خیا ل کیا۔

ای پیپر دی نیشن