لاہور (سپورٹس رپورٹر) جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام شوکت خانم پنک پولو کپ 2022 ء کا فائنل دلچسپ مقابلے کے بعد ڈائمنڈ پینٹس /شیخو سٹیل نے جیت لیا۔ فائنل میچ میں ایف جی /دین پولو کی ٹیم کو 9-6.5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مہمان خصوصی سی ای او شوکت خانم ڈاکٹر فیصل سلطان، مختلف شوبز سٹار، کلب کے صدر لیفٹیننٹ کرنل شعیب آفتاب(ر)، سیکرٹری میجر بابرمحبوب (ر) اور ہزاروں کی تعداد میں فیملیز بچے بھی موجود تھے۔ فائنل میچ سے قبل خواتین کی کے درمیان نیزا بازی کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ کیول کیڈ مقابلے بھی ہوئے اور ہارلے ڈیوڈ سن بائیکرز نے مارچ پاسٹ بھی کیا۔ آرمی بینڈ کی پرفارمنس بھی ہوئی۔ سب سڈری فائنل میں ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے نگینہ پولو ٹیم کو 9-6.5 سے ہرایا۔ اختتامی تقریب میں سی ای او شوکت خانم ڈاکٹر فیصل سلطان نے جناح پولو فیلڈز کا خصوصی شکریہ اد ا کیا۔ فائنل کی بہترین گھوڑی کا انعام میر حذیفہ احمد کی گھوڑی کمیلا کو دیا گیا۔ آخر میں کواڈرم بینڈ نے پرفارم کیا اور پھر ملکو نے مختلف گانے گا کر تماشائیوں کے دل موہ لیے۔