اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان اوریو اے ای کی بحری افواج کی دو طرفہ مشق نصل البحر 4 کا انعقاد کراچی میں ہوا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق کے دوران مختلف قسم کے بحری آپریشنز اور لائیو ویپن فائرنگ کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خـان نیازی اور اماراتی بحریہ کے ہیڈ آف نیول ٹریننگ برگیڈیئر اسٹاف عبداللہ سلطان نے شمالی بحیرہ عرب میں لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی چوتھی بحری مشق نصل البحر کا مقصد دونوں ممالک کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور پہلے سے موجود دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا تھا۔ مشق کا اہم حصہ دونوں بحری افواج کے بحری و فضائی یونٹس سے فائر پاور کا مظاہرہ تھا۔ تمام یونٹس نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے دونوں بحری افواج کی جانب سے مشترکہ لائیو ویپن فائرنگ کے کامیاب انعقاد کی تعریف کی جس سے دونوں برادر ممالک کے درینہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔مشترکہ مشقوں کے انعقاد سے حاصل ہونے والے پیشہ وارانہ تجربے سے دونوں بحری افواج کے مابین مضبوط تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
مشق نصل البحر 4