اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)کے تحت جناح کنونشن سینٹر میں دو روزہ بین الاقوامی سائیٹیفک کنونشن اختتام پذیر ہو گیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ بطور ڈاکٹرز ہماری دوہری ذمہ داری ہے۔ ہمیں بیماروں کی دیکھ بھال بھی کرنی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی مہارت اور علم کو بھی بڑھانا ہے۔ ہمیں اپنے کردار پر فخر محسوس کرنا چاہیے ۔ اس موقع پر میڈیکل کے مختلف شعبہ جات سے متعلق 20 سائیٹیفک سیشنز سے 149ماہرین نے خطاب کیا اور متعلقہ شعبے میں ہونے والی جدید تحقیق سے شرکا کو آگاہ کیا۔ میڈیکل سٹوڈنٹس کے لیے کیریئر کے مواقع اور لیڈی ڈاکٹرز کے لیے خواتین کی صحت سے متعلق موضوعات پر علیحدہ سیشنز ہوئے۔
کنونشن سے ڈبلیو ایچ اوکے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پلیتھا گونر اتھنا ماہیپالا ، وائس چانسلر پروفیسر انیس احمد، صدر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پروفیسر شعیب شفیع، وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر، وائس چانسلر پروفیسر محمد اقبال خان، چانسلر حسن محمد خان، چانسلر ڈاکٹر منظور ایچ قاضی، پرنسپل لیفٹیننٹ جنرل اظہر رشید، سفارت کار عبدالباسط، سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت ملک بھر سے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز کی سینئر فیکلٹی نے شرکت کی۔ سفارت کار عبدالباسط نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش تہذیبی، سیاسی، ثقافتی اور معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے داخلی کمزوریوں پر قابو پانا سب سے اہم ہے۔