کراچی (نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان رابطے شروع ہوگئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور شہباز شریف کا نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد باضابطہ رابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مستقبل میں ساتھ چلنے پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں ایم کیو ایم کا وفد نواز شریف سے بھی ملاقات کرے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نواز شریف کی پاکستان آمد کے بعد چار بار شہباز شریف سے فون پر بات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ شہباز شریف سے مختلف پروگراموں پر رابطے ہوئے اور نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے بھی بات ہوئی، جلد ہی نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوگی اور اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔ ملاقات میں آنے والے انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت مختلف سیاسی امور پر بات کی جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) ہماری آخری اتحادی رہی ہے‘ ان کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن رہا ہے۔