اسلام آباد آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق نگران کابینہ نے حج پالیسی 2024 اور اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن ایف آئی اے قائم کرے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فی الحال روک دیا گیا اور کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر وزارت توانائی کو مزید غورکرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان سٹیل ملز کو نجکاری پروگرام سے نکالنے کی منظوری دیدی۔ فلائی جناح کو انٹرنیشنل روٹ دینے سے متعلق ایجنڈا بھی منظور کر لیا گیا ، پاکستان تاجکستان کے درمیان صنعتی مصنوعات کی درآمدبرآمد سے متعلق معاہدہ کی منظوری دیدی گئی۔ سرکاری حج اسکیم کیلئے درخواستیں نومبر کے وسط تک طلب کی جائیں گی۔ معمولی جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزا یافتہ غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جائے۔ سنگین جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا۔ کابینہ کو غیر قانونی تارکین وطن کو نکالنے سے متعلق آرڈر پر بھی بریفنگ دی گئی۔ فارن ایکٹ 1947ءکے تحت تمام صوبوں کو بے دخلی آرڈر جاری کر دیا۔ سکیورٹی اداروں کو غیر قانونی غیر ملکیوں کو حراست میں لینے کا پابند کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ ، پراسیکیوشن اور جیل انتظامیہ کو خصوصی اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔ چاروں صوبوں میں گرفتار غیر ملکیوں کو رکھنے اور بے دخل کرنے کیلئے سینٹرز قائم کر دئیے گئے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو اپنے وطن واپس بھیجنے کے لئے ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے، اس تمام عمل کی نگرانی کیلئے ایک خصوصی نظام وضع کیا جائے گا، انخلا کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں ہوئی۔وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے بتایا کہ غیر ملکی اور غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے انخلا کے لیے وزیراعظم نے ایک ورک پلان کی منظوری دی ہے، جس کے تحت انہیں مرحلہ وار واپس بھیجا جائے گا۔ جن غیر قانونی لوگوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے وہ قانونی طریقے سے دوبارہ واپس آ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد کو ہولڈنگ سینٹر کے قریب ترین مقام سے اپنے ملک بھیجا جائے گا، ہم سیاسی حکومت نہیں، ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، سیاسی جماعتیں کئی عشروں سے یہاں قائم ہیں، وہ ایک دوسرے سے رابطے بھی کرتی ہیں، اس رابطے میں انہیں ہماری مدد کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے، اگر کوئی سیاسی جماعت کا رہنما حکومت سے ملنا چاہے تو ان کی خواہش کا احترام کریں گے۔ حج 2024 کے لئے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت اسلام آباد ایئر پورٹ پر دستیاب ہوگی، 20 سے 25 دنوں کے قیام کا حج پیکیج بھی متعارف کرایا جائے گا جس کی مالیت کا تعین بعد میں کیا جائے گا، 38 سے 42 دنوں کا حج پیکیج جنوبی ریجن کے لئے 10 لاکھ 65 ہزار روپے اور شمالی ریجن کے لئے 10 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، یہ پیکیج گزشتہ سال کے مقابلہ میں ایک لاکھ روپے کم ہے، وفاقی کابینہ نے پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کو نجکاری پروگرام سے نکالنے کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 25 ہزار عازمین حج سپانسر شپ سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کر سکیں گے وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کی 10 امیگریشن چیک پوسٹس کو پولیس سٹیشنز کا درجہ دینے اور اس حوالے سے پاسپورٹ رولز 2021ءمیں ان چیک پوسٹوں کو پولیس سٹیشنز نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو سپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کے حصول کے لئے جنوری 2024 سے جون 2024 تک پبلک پروکیورمنٹس رولز 2004 کے رول نمبر (1)13 اور 35 سے استثنیٰ کی منظوری دے دی ہے۔کابینہ ڈویژن کی سفارش پر سوئی سدرن گیس لمیٹڈ کو 20 ہزار میٹرک ٹن سپاٹ ایل پی جی کارگو کے حصول کے لئے نومبر 2023 سے مارچ 2024 تک پبلک پروکیورمنٹس رولز 2004 کے رول 9، 13، 35 اور 40 سے استثنیٰ کی منظوری دی ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے لیجس لیٹو کیسز کے 6 اکتوبر 2023 اور 27 اکتوبر 2023 کے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ ایک سوال کے جواب میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی آئی اے کے حوالے سے معاملات آگے بڑھے ہیں، چند دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے، اگر کوئی سیاسی جماعت کا رہنما حکومت سے ملنا چاہے تو ان کی خواہش کا احترام کریں گے۔وفاقی داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر بسنے والے افراد کو31 اکتوبر تک پاکستان سے نکل جانے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، غیر قانونی مقیم غیر ملکی اپنے ملک واپس جاکر قانونی دستاویزات پرویزہ لے کرآسکیں گے،جو مقررہ وقت تک پاکستان نہیں چھوڑے گا اور اس کے پاس کارآمد ویزہ اور پاسپورٹ نہیں ہوگا ،اسے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔یہ تاثر غلط ہے کہ صرف افغانستان کے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے، دوبارہ ویزہ لے کر یہاں آ کر کاروبار کر سکتے ہیں، دوستوں سے مل سکتے ہیں۔ نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بھرتیوں کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل ہوگا ، ایم آر آئی مشین کئی ماہ سے خراب تھے ، ہم نے چند دنوں میں ایم آر آئی مشین فراہم کر دی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے نمائندے نے بتایا کہ سیکرٹری کا کرنٹ چارج ایڈیشنل سیکرٹری کو سونپ دیا ہے ،550 ملین روپے پی آئی اے کو آج ہی ادا ہوجائیں گے ۔ سرکاری سکیم میں 25 ہزار اور پرائیویٹ سکیم میں 44 ہزار عازمین جاسکیں گے ، اگر کوئی بیرون ملک میں ہے تو وہ ڈالرز میں ادائیگی کر سکتا ہے ۔ نگران وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا کہ افغانستان میں سب سے زیادہ موسیقار ہیں ،اگر وہ قانونی طریقے سے آتے ہیں تو انھیں سہولت فراہم کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ: غیرملکی تارکین کیلئے ڈیڈ لائن آج ختم، کل سے آپریشن
Oct 31, 2023