نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) ورلڈ بنک نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں دوگنا اضافہ ہو سکتا ہے۔ خام تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرسکتی ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 87 اعشاریہ 84 ڈالر فی بیرل ہے جب کہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی فی بیرل قیمت 82 اعشاریہ 69 ڈالر فی بیرل ہے۔ ورلڈ بنک کے مطابق تنازع میں شدت آئی تو عالمی سطح پر اجناس اور تیل کی قیمتوں میں یکدم اضافہ ہو سکتا ہے۔ کم اور درمیانی شدت کے علاقائی خلل کی صورت میں بھی تیل کی عالمی قیمت 102سے 121 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہے۔ تیل پیدا کرنے والے مرکزی ممالک نے سپلائی کم کر دی تو 1970ءکی دہائی والی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ یوکرائن جنگ اور اب غزہ جنگ سے اجناس کی مارکیٹ کے لیے دوہرا جھٹکا ہو گا۔