لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں ڈینگی کنٹرول کرنے کی ادویات کی خریداری کے ٹینڈر میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف نجی کمپنی کی درخواست پر سماعت حکومتی وکیل کی استدعا پر ملتوی کر دی۔ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے نجی کمپنی کی درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت نجی کمپنی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ صحت نے ڈینگی کنٹرول کرنے کے لیے ادویات کا ٹینڈر جاری کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 96کروڑ روپے کا ٹینڈر صرف 16 کروڑ روپے میں مل سکتا ہے، جس سے حکومتی خزانے کے 80 کروڑ روپے بچ سکتے ہیں۔ نجی کمپنی کے وکیل نے کہا کہ دو تین کمپنیوں کی مبینہ جعل سازی کے باعث حکومتی خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت محکمہ صحت کے ٹینڈر کو معطل کرنے کا حکم دے اور صاف شفاف میرٹ پر ٹینڈر کی بولی کا حکم دے۔دوسری جانب پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کر دی۔عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔