لاہور(خبرنگار‘ نوائے وقت رپورٹ)لاہور کی ضلع کچہری کی مقامی جوڈیشل عدالت نے پنجاب اسمبلی غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ میں دس روز کی توسیع کی درخواست مسترد کردی ۔عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔قبل ازیں عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فریقین کے وکلاءکے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا کچھ دیر بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ عامر رضا بیٹو نے اینٹی کرپشن کی درخواست پر سماعت کی۔سوموار کے روز سماعت پر دو روز کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر اینٹی کرپشن حکام نے پرویز الہی کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا اور مزید دس روز کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔اینٹی کرپشن کے وکیل نے دلائل دئیے کہ پرویز الہی نے بطور وزیر اعلی پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیاں کیں ۔ان سے ابھی تفتیش جاری ہے عدالت مزید دس روز کاجسمانی ریمانڈ دے۔ دوران سماعت پرویز الہی نے روسٹرم پر آکر عدالت کو بتایا کہ میری عمر 77 سال ہے مجھے تین دل کے سٹینٹ پڑے ہیں۔ چلنے میں مجھے دشواری ہے ،پرویز الہی نے عدالت کو بتایا کہ مجھے تو ریکوری کا بھی کمرہ عدالت میں آکر پتہ چلا، دوران سماعت چوہدری پرویز الہی کے وکیل رانا انتظار حسین نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پرویز الہی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اگر پرویز الہی ایک منٹ کی پریس کانفرنس کردے تو سب ٹھیک ہوجانا ہے ۔عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل مکمل ہونے کے بعد جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بعدزاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اینٹی کرپشن حکام کی جسمانی ریمانڈ میں مزید دس روز کی توسیع کی استدعا مسترد کردی اور چوہدری پرویز الٰہی کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے لاہور کی مقامی عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے جبکہ یہاں کیئر ٹیکر ”لاہور میلہ“ کے نام سے جشن منا رہی ہے۔غزہ میں بھوکے پیاسے بچے بموں کا نشانہ بن رہے ہیں اور بے حس کیئر ٹیکر وزیراعلیٰ گانے بجانے کی محفلیں سجا کر صہیونی مظالم پر احتجاج کی بجائے تالیاں بجا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیئر ٹیکر وزیراعلیٰ محسن نقوی نوازشریف کا نمائندہ ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ وقت فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔ گانے بجانے کی محافل میں فری داخلہ کی دعوت کا نہیں۔ فلسطین پر مظالم سے ان کوکیا غرض ‘ یہ ”لہور لہور اے“ کے نام سے 16 روزہ میوزک فیسٹیول سجا کر دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے مقررکردہ ان نگرانوں کو پاکستانی عوام اور عالم اسلام سے کوئی ہمدردی نہیں ۔
غیرقانونی بھرتیاں کیس: پرویزالٰہی کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل
Oct 31, 2023