دبئی میں ہونے والے سہ روزہ بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ تجارتی میلے کے منتظم نے پیر کو تقریب کے افتتاحی روز کہا کہ پاکستان کی چھتیس کاسمیٹکس کمپنیاں اس میلے میں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔شرقِ اوسط خطے میں خوبصورتی، بالوں، خوشبوؤں اور تندرستی کے لیے بیوٹی ورلڈ سب سے بڑا بین الاقوامی تجارتی میلہ ہے۔ یہ مہمانوں کو تین دن کی مدت میں نمائش کنندگان سے آمنے سامنے ملنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔عالمی مصنوعات اور برانڈز کی ٹھوس نمائندگی کے ساتھ نمائش نے صنعت کی نشوونما اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میلے کا 27 واں ایڈیشن دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک جاری ہے۔پاکستان اس شو میں براہِ راست نمائش کنندگان اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک پویلین کے ساتھ شریک ہے۔ شو کا اہتمام کرنے والے ادارے میسے فرینکفرٹ نے ایک بیان میں کہا۔ "متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر عزت مآب فیصل نیاز ترمذی نے میلے کا دورہ کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کمپنیوں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔"پاکستان کی معاشی مشکلات کے پیشِ نظر عالمی سطح پر ان کمپنیوں کی فعال شرکت ایک قابلِ ذکر کامیابی ہے۔"منتظمین کے مطابق شو میں حسن کی صنعت سے 50,000 سے زیادہ تجارتی خریداروں کی شرکت اور 60 سے زائد ممالک کے 1,750 نمائش کنندگان کی میزبانی کی توقع ہے۔شو میں پاکستان، چین، اٹلی، جاپان، کوریا، ترکی، برطانیہ، امریکہ اور دیگر ممالک کے پویلین شامل ہیں جو خوشبوؤں، کاسمیٹکس اور سکن کیئر، بیوٹی ٹیک، ذاتی نگہداشت اور حفظانِ صحت، بال، ناخن اور دیگر متعلقہ مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔
36 پاکستانی کمپنیوں کی دبئی میں بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ میلے میں شرکت
Oct 31, 2023 | 11:10