لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے حکمران خواب غفلت سے جاگیں، غزہ کو بچانا ہوگا۔ اسلام آباد کا تاریخی غزہ مارچ پاکستانی قوم کا امریکہ کے لیے پیغام تھا، واشنگٹن صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کی سرپرستی بند کرے۔ امت مسلمہ بے چین ہے، اسرائیل مہذب دنیا کے تمام قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے، اسے نہ روکا گیا تو آگ و خون کا کھیل ہر طرف پھیل جائے گا۔ مغرب و امریکا کی کئی حکومتیں اپنی عوام اور انسانی حقوق کے اداروں کی بھی نہیں سن رہے، اسرائیلی مظالم کے خلاف بولنے والوں کی زبان بندی کی جارہی ہے، مغربی میڈیا کا ظلم کے خلاف پراپیگنڈا جاری ہے۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ ایسا کھیل نہ کھیلے جس سے دنیا کا امن برباد ہوجائے، مسلمانوں کا خون ارزاں نہیں۔ فلسطینی عوام گزشتہ ستر برسوں سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، لاکھوں انسانوں کو قید نہیں رکھا جاسکتا۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے اتوار کو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے اور اسرائیل کی امریکی سرپرستی کے خلاف ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے مظاہرہ میں شرکت کرنے والے عوام اور خصوصی طور پر بچوں، خواتین اور بزرگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قوم سے غزہ فنڈ میں عطیات جمع کرانے کی اپیل کی اورکہا کہ الخدمت فاو¿نڈیشن پاکستانیوں کی طرف سے دیے جانے والی تمام امداد غزہ میں پہنچائے گی۔ امیر جماعت نے بعدازاں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک قرضہ اور مہنگائی کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔ نگران حکومت بھی سابقہ ادوار اور آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔