مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ،2افراد کی نعشیں برآمد

سرینگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کا مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن جاری ہے ،سرینگر اور کپواڑہ کے کئی علاقے پیر کو مسلسل دوسرے روزبھی فوجی محاصرے میں رہے ، مجاہدین کے بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر قابض بھارتی فوج نے وادی کے مختلف علاقو ںکامحاصرہ کرکے فوجی آپریشن شروع کردیا ہے ،اس دوران دارلحکومت سرینگر کے عید گاہ اور اس کے گردونواح علاقے پیر کو مسلسل دوسرے روز بھی فوجی محاصرے میں رہے ،لوگوں کو گھروں سے باہرنکال کر ان کی شناختی پریڈ کرائی جاتی ہے جبکہ خاص کر نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایاجاتا ہے۔جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مختلف مقامات سے دو غیر کشمیری افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ کے پی آئی کے مطابق ضلع پلوامہ سے ایک غیر کشمیری کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کے جسم پر گولیوں کے زخم موجود ہیں۔ پولیس نے لاش کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے مقتول کی شناخت بھارتی ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والے مکیش کمار کے نام سے کی ہے۔ دریں اثناءضلع راجوری میں نوشہرہ کے علاقے چوکی ہنڈن سے ایک اور غیر کشمیری کی لاش برآمد ہوئی ہے جو گھر کی چھت سے لٹکی ہوئی تھی۔ لاش کی شناخت بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے مظفر نگر کے رام کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ کچھ افراد مختلف مقامات پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے فورم اوراس کی اکائی تنظیموں کا نام استعمال کرکے اوراپنے آپ کو مذکورہ تنظیموں کے نمائندے ظاہرکرکے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبردارکیاکہ کوئی غیر متعلقہ شخص یا گروپ جو فورم کا حصہ نہیں ہے، خود کو فورم سے وابستہ کرنے کی کوشش نہ کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس اس بات کو واضح کرنا چاہتی ہے اور تنبیہ کرنا چاہتی ہے کہ جو کوئی غیر متعلقہ فرد یا گروپ فورم یا اس کی کسی اکائی تنظیم کا نام استعمال کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن