اسلام آباد(خبرنگار) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر جمہوریہ روانڈا کی سینیٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر چھ رکنی وفد کے ہمراہ پانچ روزہ دورے پر الصبح اسلام آباد پاکستان پہنچ گئے۔ سینیٹر برائے مہمان داری و چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کامرس سینیٹر ذیشان خانزادہ نے روانڈا کے پارلیمانی وفد کا اسلام آباد ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ نے روانڈا کے وفد کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔رو انڈا کے پارلیمانی وفد کی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، ودیگر سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ انٹرنیشنل پارلیمنٹرین کانگریس (IPC)، اسلام آباد چمبر آف کامرس اور ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کا دورہ بھی کریں گے۔ روانڈا کی سینیٹ کی صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیویئر نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔انہوں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ پاکستان اور روانڈا کے تعلقات پارلیمانی سطح پر فروغ پا رہے ہیں۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی و دیگر اہم ملاقاتوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
صادق سنجرانی کی دعوت پر روانڈا کی سینیٹ کے صدر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے
Oct 31, 2023