شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ پہنچنے پر مریضوں اور ان کے لواحقین نے ہسپتال کی زبوں حالی اور کرپشن کے مبینہ الزامات کی بنا پر شکایات کے انبار لگا دئیے ۔ صوبائی وزیر کے میڈیکل، سرجیکل اور دیگر وارڈوں کے معائنہ کے دوران مریضوں اور ان کے لواحقین نے کہا کہ اس ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو جان بچانے والی ادویات بھی بازار سے خرید کر لانا پڑتی ہیں۔ آپ کے آنے سے قبل ہسپتال میں صفائی ستھرائی کروائی گئی ہے ۔ سرجیکل وارڈ کے کئی مریضوں نے بتایا کہ انہیں پرائیویٹ ہسپتالوں میں آپریشن کرانے کی ترغیب دی جاتی ہے صوبائی وزیر ڈاکٹر ناصر جمال نے ہسپتال میں پٹرول اور ڈیزل کی خریداری کے دوران 80 لاکھ روپے کی خورد برد کی تحقیقات ادھوری چھوڑے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا صوبائی وزیر نے سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈاکٹر پرویز اقبال کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب نے آپ کو دیانت داری کی وجہ سے یہاں تعینات کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع شیخوپورہ کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری کےلئے فنڈز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو بھیج دئیے گئے ہیں ادویات کی خریداری کے ٹینڈروں میں گڑبڑ کرنے اور کمپنی کے ریکارڈ میں گڑبڑ کرنےوالے عناصر کو فوری طور پر فارغ کیا جائے ڈاکٹر جمال ناصرنے ہسپتال میں میڈیکل لیبارٹری اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت کا ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ کا دورہ‘ شکایات کے انبار
Oct 31, 2023