امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستانی نژاد ڈاکٹر طلعت جہاں خان کے قتل کی مذمت کی ہے جنہیں ہیوسٹن کے شمال میں واقع ایک چھوٹے سے شہر کونرو میں چاقو کے وار کر کے قتل کیا گیا، سفیر پاکستان نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر طلعت جہاں خان 90 کی دہائی کے آخر میں کراچی سے امریکہ آئیں۔ اس نے شعبہ اطفال میں سپیشلائزیشن کی اور ایک طویل عرصے سے امریکہ میں خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔مبینہ طور پر مجرم کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی اور ہیوسٹن میں قونصلیٹ جنرل سوگوار خاندان اور متعلقہ حکام سے حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں۔مسعود خان نے اس واقعہ کو ایک صدمہ اور سنگدلانہ پر تشدد واقعہ قرار د یتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طلعت جہاں خان ایک قابل ڈاکٹر اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ہر دلعزیز شخصیت تھیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعاگو ہیں۔انہوں نے پوری پاکستانی امریکن کمیونٹی اور صدر ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ ڈاکٹر ارشد ریحان سے اس نقصان پر تعزیت اور صدمے کا اظہار کیا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اس جرم کی فوری تحقیقات اور جلد از جلد انصاف کی فراہمی کی امید کرتے ہیں۔ مسعود خان نے سوگوار خاندان کے نام اپنے پیغام میں مرحومہ کی آخری رسومات کی تکمیل کے حوالے سے سفارت خانہ پاکستان اور ہیوسٹن میں قونصلیٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل کل ڈاکٹر طلعت جہاں خان کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔