معروف کارٹون سیریز ’دی سمپسنز‘ میں کی جانے والی کئی پیش گوئیاں درست ثابت ہو چکی ہیں اور ان کارٹونز کے ذریعے اب ایلون مسک اور سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹوئٹر کے بارے میں ایک پیش گوئی منظرعام پر آ گئی ہے۔میل آن لائن کے مطابق ان کارٹونز کی ایک قسط میں دکھایا گیا ہے کہ ایلون مسک ایک بڑے حادثے کے بعد ٹوئٹر کو فروخت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
یہ قسط دی سمپسنز کے سیزن 35کا حصہ ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ مسٹر برنز نامی کردار پرسیفون نامی ایک خاتون کی محبت میں گرفتار ہوتا ہے اور اس کے لیے ٹوئٹر خرید لیتا ہے۔ وہ پرسیفون کو بتاتا ہے کہ اس نے ٹوئٹر خرید لیا ہے کیونکہ ٹوئٹر کا سابق مالک اپنا مریخ پر جانے والا راکٹ بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے ٹکرا جانے کے بعد ٹوئٹر کو فروخت کرنا چاہتا تھا۔
قسط کے ان مناظر سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس، جو مریخ پر لینڈ کرنے کے مشن پر کام کر رہی ہے، کا راکٹ بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے ٹکرا جائے گا، جس کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر ، جس کا نام اب وہ تبدیل کرکے ایکس رکھ چکے ہیں، کو فروخت کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
دی سمپسنز کی قسط کے ان مناظر پر مبنی ویڈیو ’ایکس‘ پر پوسٹ کی گئی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور اس پر کمنٹس میں صارفین اپنے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ فریڈم ٹو آل نامی ایک ایکس اکاﺅنٹ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ”بریکنگ فیوچر نیوز: وہ ایلون مسک کے راکٹس میں سے کسی ایک کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے ٹکرانے جا رہے ہیں تاکہ اسے ایکس (ٹوئٹر)فروخت کرنے پر مجبور کر سکیں۔ یہ اعلان دی سمپسنز کے ذریعے کیا گیا۔“
معروف کارٹون سیریز ’دی سمپسنز‘ میں اہم پیش گوئی منظرعام پر آ گئی
Oct 31, 2023 | 21:38