کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما عاجز دھامرا نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم پر اس وقت کوئی بحث نہیں لیکن 27 ویں ترمیم پر کوئی پابندی بھی نہیں ہے۔ اگر دریائے سندھ پر ایک بھی کینال بنائی گئی تو پھر دما دم مست قلندر ہو گا۔ نہر وہاں بنتی ہے جہاں پانی وافر ہو سندھ میں پانی پہلے ہی بہت کم ہے۔ گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاجز دھامرا نے کہا جب بھی آئین بنانے کی بات ہوتی ہے تو پیپلز پارٹی ہر اول دستے کا کام کرتی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آئین کی شکل میں ملک کو لباس پہنایا تھا، جب آئین پر قدغن لگائی گئی تھی تب بھی پی پی نے کردار ادا کیا۔ اْن کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کئے، صدر زرداری نے کہا پارلیمنٹ مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہو گا۔ عاجز دھامرا نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے لیڈر اور پاکستان کی امید ہیں، اگر کوئی جمہوریت کے خلاف سازش کرے گا تو بلاول اس کو ناکام کریں گے۔
دریائے سندھ پر ایک نہر بھی بنائی گئی تو دما دم مست قلندر ہو گا: عاجز دھامرا
Oct 31, 2024