کابل(این این آئی)افغان طالبان حکومت نے ٹیلی ویژن نشریات کو صرف آڈیو تک محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق افغان طالبان حکومت نے آزادیوں کو محدود کرنے اور افغانستان میں سخت قوانین نافذ کرنے کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے ٹیلی ویژن چینلوں سے کہاکہ وہ اپنی نشریات کو صرف آڈیو تک محدود کردیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان میں نیشنل ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر جنرل قاری یوسف احمدی نے گزشتہ ہفتے ٹیلی ویژن اور ریڈیو کی شاخوں کے سربراہوں سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوند زادہ نے ان پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ ٹیلی ویژن چینلز کی نشریات بند کردیں کیونکہ وہ جانداروں کی تصویر کشی کرتے ہیں۔قاری یوسف احمدی نے کہا کہ ٹیلی ویژن چینلز کی نشریات بند کر دی جائیں گی اور انہیں ریڈیو سٹیشنوں میں تبدیل کر دیا جائے گا، ذرائع نے انکشاف کیا کہ قندھار میں قومی ٹیلی ویژن کو ریڈیو میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔سرکاری ٹیلی ویژن کی نشریات نے گزشتہ روز 9دیگر ریاستوں میں بھی نشریات بند کر دی ہیں اور اپنی نشریات کو آڈیو نشریات میں تبدیل کر دیا ہے، اگرچہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آیا اس فیصلے سے تمام چینلز (سرکاری اور نجی)متاثر ہوں گے یا نہیں۔
صرف ریڈیو چلے گا، افغان طالبان کا حکم
Oct 31, 2024