کراچی (نیٹ نیوز) مقامی کاٹن بیلٹس میں درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافے کے باعث کپاس کی فصل ایک بار پھر متاثر ہونے اور بعض کاٹن زونز میں کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے پاکستان میں کپاس کی فصل غیر متوقع منفی موسمی اثرات کے باعث بری طرح متاثر ہو رہی ہے جس میں خاص طور پر شدید بارشیں اور درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان عوامل کے باعث کپاس کی مجموعی قومی پیداوار گھٹنے کے ساتھ روئی اور بیج کا معیار بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ جس سے نہ صرف درآمدی سرگرمیاں بڑھیں بلکہ اس کے کے ساتھ کپاس کے بیج کا اگاؤ متاثر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں کاشتکار ایک مرتبہ سے زائد کپاس کی کاشت کررہے ہیں۔ پنجاب کے بڑے کاٹن زونز رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال جبکہ سندھ کے کاٹن زونز سانگھڑ، حیدر آباد، میرپور خاص، نواب شاہ اور گھوٹکی میں پچھلے چند روز سے درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ان میں سے بعض اضلاع میں درجہ حرارت 35/36ڈگری سے بڑھ سے 40ڈگری سے زائد ہونے سے کپاس کی فصل بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے ٹینڈوں کا وقت سے قبل کھلنا، کپاس کی بڑھوتری رکنا اور سفید مکھی کا حملہ ہونا شامل ہے۔