ڈیرہ اسماعیل خان ( نوائے وقت رپورٹ ) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں امن و امان کی صورت حال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ادارے جرائم کے ساتھ ہیں ان کو اللہ کا خوف نہیں ہے، صوبوں میں نفرتیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت بھی قرآن وسنت کی پابند ہے۔ الیکشن تو ہو جاتے ہیں لیکن نتائج کوئی اور مرتب کرتا ہے، ہمیں لولی پاپ دیا جاتا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں، ہمارے ادارے جرائم کے ساتھ ہیں ان کو اللہ کا خوف نہیں ہے۔جب ہم بات کرتے ہیں ہمیں غدار کہا جاتا ہے، ریاستی ادارے ہمارے وسائل پر قبضہ کرنے آئے ہیں، سی پیک ملک کی ترقی کا ایک دروازہ ہے لیکن امن وامان پر اسے بھی ضائع کررہے ہیں، جب بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہماری قربانیوں پر شک کر رہے ہیں۔ ادارے ہمارے آنکھوں کا تارا ہیں لیکن انہیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے، سی پیک پر پل کے نیچے مسلح لوگ کھڑے ہیں اوپر فوج کھڑی ہے یہ ہے میرا پاکستان ہے۔ ہم آپ کے جبر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم نے پہلے دن سے کہا کہ یہ الیکشن دھاندلی ہے اور آج بھی یہی کہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شنگھائی کانفرنس سے ہمیں کوئی اختلاف نہیں ہے، اسرائیل امریکا کا بچہ ہے۔ کشمیریوں کو آج ہم نے اکیلا چھوڑ دیا لیکن عوام ان کے ساتھ ہیں، 8 دسمبر کو اسرائیل مردہ باد کانفرنس ہوگی اور ہم کشمیریوں کے بھی ساتھ کھڑے ہیں۔
ادارے ہمارے آنکھوں کا تارا ہیں، مولانا فضل الرحمان
Oct 31, 2024