راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں اچھا کھانا نہیں دیا جارہا جس سے انکو الٹیاں ہوئیں۔ راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ میرے وارنٹ گرفتاری جاری تھے اس لیے آج یہاں آگیا، چار شہروں میں آج تاریخ تھی، یہ سب جعلی کیس ہیں۔ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جبکہ بشریٰ بی بی کی میرٹ پر ضمانت ہوئی اور عمران خان بھی جلد رہا ہونگے۔ جیل میں دیے گئے کھانے سے عمران خان کو الٹیاں ہوئیں۔ پی ٹی آئی کی خواتین کو گرفتار کیا گیا، چوہدری امتیاز کی بیٹی کو گھسیٹا گیا، سپیکر قومی اسمبلی اور خصوصی کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ ارکان کی حفاظت کریں۔ ایک بدبودار ترمیم کی بو گئی نہیں، دوسری ہونے کی مذمت کرتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کو جیل میں اچھا کھانا نہیں دیا جا رہا، اُلٹیاں ہوئیں: عمرایوب
Oct 31, 2024