اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی عمران خان کو بتایا یہ احتجاج ٹھیک نہیں تھے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے احتجاجی حکمت عملی ٹھیک نہیں بنائی۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی۔ میں نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا یہ احتجاج ٹھیک نہیں تھے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے احتجاجی حکمت عملی ٹھیک نہیں بنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ فیصلے کیے ہیں جو سلمان اکرم راجا بتائیں گے۔ شیرافضل مروت کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی سے پوچھا مولانا فضل الرحمان پر کیا مؤقف ہے؟۔ ہمارے ساتھی نے بتایا کہ مولانا کی وجہ سے ملٹری کورٹس نہیں بنے، اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا ملٹری کورٹس بن جاتے تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا نئی احتجاجی کمیٹی بنائیں اور میں اس کمیٹی کا حصہ ہوں گا۔