لاہور‘بہاولپور‘ سرگودھا(لیڈی رپورٹر+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات زاہد میاں نے نتائج کا اعلان کیا۔ رواں سال امتحان میں 44 ہزار 881 امیدواروں نے شرکت کی۔ 20 ہزار 890 امیدوارکامیاب قرار پائے،کامیابی کا تناسب 46 فیصد سے زائد رہا جبکہ 23 ہزار 991 امیدوار فیل ہوئے۔علاوہ ازیں لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات 4 مارچ 2025ء سے شروع ہونگے ‘ شیڈول جاری کردیاگیا۔ امیدوار سنگل فیس کیساتھ 2 تا 27نومبر‘ ڈبل فیس کیساتھ28 نومبر سے11 دسمبرتک داخلہ جمع کراسکتے ہیں جبکہ تین گنا فیس کیساتھ داخلہ بھجوانے کی آخری تاریخ 24 دسمبر ہے۔اسی طرح سرگودھا اور بہاولپورکے تعلیمی بورڈنے بھی میٹرک کے سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا،سرگودھابورڈ کے امتحانات میں 11272 امیدوار طلباء و طالبات شریک ہوئے جن میں سے6271 نے کامیابی حاصل کی،کامیابی کا تناسب 55.63 فیصد رہا۔ بہاول پور بورڈ کے زیراہتمام امتحان میں 12312 امیدواروں نے شرکت کی‘43 غیرحاضر رہے، باقی 12269 امیدواروں میں سے 6082 کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب49.57 رہا۔