بھارتی وزیر داخلہ نے ہمارے شہریوں کے قتل عام، اغواء کا حکم دیا: کینیڈا

ٹورنٹو (این این آئی) کینیڈا نے کہا ہے کہ بھارت کے وزیرداخلہ امیت شاہ نے کینیڈا کے شہریوں کے قتل عام اور اغوا کا حکم دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سکھ رہنما اور خالصتان کے حامی ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کیس میں کینیڈا کی قومی سلامتی کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے نائب وزیرخارجہ ڈیوڈ موریسن نے کہاکہ بھارت کے وزیرداخلہ امیت شاہ نے کینیڈا کے شہریوں کے خلاف قتل عام، اغوا اور بھتہ خوری کا حکم دیا تھا، میں نے ہی امریکی اخبار میں بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کے نام کی تصدیق کی تھی۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے اس بات کے ثبوت اکٹھے کیے تھے کہ بھارت کے ایک سینئر اہلکار نے کینیڈا میں جاسوسی اور سکھ علیحدگی پسندوں پر حملوں کے احکامات دئیے تھے۔ کینیڈا کے حکام نے بعد میں بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کے ملوث ہونے کی تصدیق کی تھی۔ دوسری جانب بھارتی حکام پر کینیڈا میں خالصتان نواز سکھوں کو نشانہ بنانے کے الزام کے بعد بھارت کینیڈا کشیدگی کے دوران ملک کے اپوزیشن لیڈر پیئر پوئیلیور نے پارلیمنٹ ہل میں بیرون ملک مقیم بھارتیوں کی طرف سے منعقد کی جانے والی دیوالی کی تقریب منسوخ کردی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تقریب کے منتظم اوورسیز فرینڈز آف انڈیا کینیڈا (OFIC)نے اچانک منسوخی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کو بے حسی اور امتیازی سلوک قرار دیا۔

ای پیپر دی نیشن