اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے احتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت توشہ خانہ کی گاڑیوں کا ریفرنس واپس کرنے کی درخواست دائر کر دی۔ احتساب عدالت اسلم آباد کی جج عابدہ سجاد نے صدر مملکت آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر نوازشریف کی جانب سے ان کے وکیل رانا عرفان عدالت پیش ہوئے اور نوازشریف کی جانب سے ریفرنس واپس رنے کی درخواست دائر کر دی۔ نوازشریف کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ قومی احتساب بیورو ترایم کے بعد توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب ترامیم کے بعد توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس نیب دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ دائرہ اختیار کو دیکھتے ہوئے توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس نیب کو واپس بھیجا جائے۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔
نوازشریف نے توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس واپس کرنے کی درخواست دائر کر دی
Oct 31, 2024