بنوں میں خفیہ اطلاع پر آپریشن، 8 خارج ہلاک، 7 زخمی، میجر سمیت 3 شہید

Oct 31, 2024

اسلام آباد+ بنوں (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے خیبر پی  کے کے ضلع بنوں میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ شہید میجر عاطف خلیل کا تعلق ضلع سدھنوتی، آزاد کشمیر سے تھا۔ بیان کے مطابق میجر عاطف خلیل شہید کی عمر 31سال ہے۔  میجر عاطف خلیل شہید کے سوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہے۔ آپریشن میں 2 جوانوں ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے نائیک آزاد اللہ اور ضلع لیہ سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک غضنفر عباس نے بھی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب ژوب کے جنرل ایریا سمبازا میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز اور خارجیوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک خارجی مارا گیا اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔ دہشتگردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

مزیدخبریں