سموگ کے خاتمہ کیلئے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھوں گی، مریم نواز: پہلے سرکاری کینسر ہسپتال نوازشریف انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد

Oct 31, 2024

سموگ کے خاتمہ کیلئے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھوں گی، مریم نواز: پہلے سرکاری کینسر ہسپتال نوازشریف انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد
سموگ کے خاتمہ کیلئے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھوں گی، مریم نواز: پہلے سرکاری کینسر ہسپتال نوازشریف انسٹیٹیوٹ کا سنگ بنیاد

لاہور (نوائے وقت رپورٹ +نیوز رپورٹر)  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پہلی اینٹ رکھ کر پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی مفت علاج ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کے لئے بارہ ماہ کا ہدف دیدیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پہلے سرکاری بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی بنانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہسپتال کے سامنے تیمارداروں کیلئے ہوٹلز بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں بلڈ ڈیزیز، پیڈز، آرگن ٹرانسپلانٹ اور بون میرو کے سپیشلائزڈ ہسپتال بنانے اور بیرون ملک سے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو مراعات کے ساتھ پنجاب میں لانے کے پروگرام کا اعلانات بھی کیے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف  کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں قائم ہونے والا 915 بیڈز کا کینسر ہسپتال دو مراحل میں مکمل ہوگا۔ کینسر انسٹی ٹیوٹ میں پیڈز انکالوجی، آپریشن تھیٹر، 10-ریڈی ایشن تھراپی بنکر، آئی سی یو اور 30 بیڈز کا  ایمرجنسی وارڈ بنے گا۔ ویٹنگ ہال اور 24 بیڈز کے ساتھ تیمار داروں کے لئے قیام گاہ بنے گی۔  کینسر ہسپتال کے سنگ بنیاد کے بعد دعائے خیر بھی کی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے خصوصی معاونت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، اسحاق ڈاراور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ڈاکٹرز کو پنجاب میں گھر، گاڑی اور اچھی تنخواہ دیں گے۔ عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام میری ترجیح ہے۔ چار سال میں عوام کی صحت کیلئے تمام ضروری اقدامات کر کے جائیں گے اور  ڈائیلسیز سینٹرز بنانا چاہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں ہوگا۔ لاکھوں زندگیوں کے لیے امید کا دیا جلا رہے ہیں۔ پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں خیبر پی کے، سندھ اور دیگر صوبوں سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔  میری پیاری والدہ کینسر میں مبتلا ہو کر اللہ تعالیٰ کے پاس چلی گئیں، بچھڑنے کا دکھ جانتی ہوں۔ فلاحی ریاست ماں کی مانند ہوتی ہے، ماں بچے کے علاج پر  سب کچھ لٹا دیتی ہے۔ پیسہ تو پچھلی حکومت کے پاس بھی تھا، انہوں نے کینسر ہسپتال بنانے کی تکلیف کیوں نہیں کی۔ میری، محمد شہباز شریف اور محمد نواز شریف کی ترجیح عوام کی خدمت ہے۔ محمد نواز شریف کے نام پر لوگ آنکھیں بند کر کے اعتبار کر لیتے ہیں اس لیے ان سے منسوب کیا ہے۔ سات ماہ میں تو منصوبے فائل سے نہیں نکلتے، شاہ میر اقبال کو شاباش دیتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچے کو جنوبی پنجاب سے علاج کیلئے ائیر ایمبولینس پر منتقل کرنے کی اطلاع ملنے پر خوشی سے آنکھیں نم ہو گئیں۔ کینسر اور دیگر مریضوں کے لئے مفت ادویات بند کرنا مجرمانہ غفلت اور نااہلی کی انتہا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سموگ کے خاتمے کی مشترکہ کاوشوں کے لئے انڈین پنجاب کے سی ایم کو خط لکھنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے دیوالی کی تقریب میں اقلیتی برادریوں کے لئے خصوصی کارڈ کے اجرا، اگلے سال سے کارڈ اور مینارٹی خاندانوں کی تعداد بڑھانے، مینارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن کے قیام اور مینارٹیز کی آبادیوں کے ڈویلپمنٹ کے اعلانات بھی کئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف 90-شاہراہ قائد اعظم پر دیوالی کی تقریب کی میزبان بن گئیں اور دیوالی کا روایتی چراغ روشن کیا۔ اس موقع پر ورچوئل آتشبازی بھی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اپنی نشست کی بجائے ہندو خواتین کے درمیان بیٹھ گئیں اور کمسن بچی کو گود میں بٹھا لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے  1400ہندو خاندانوں میں دیوالی پر تحفتاً 15،15ہزار روپے کے چیک  تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ مریم نے دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے اقلیتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کی تو مریم نوازشریف مظلوم کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ اقلیتیں اپنے آپ کو پاکستان میں پوری طرح محفوظ تصور کریں۔ مریم آباد چرچ کی 127سالہ تاریخ میں کبھی کوئی چیف منسٹر نہیں آیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اعلان کیاکہ اقلیتی برادری کبھی بھی مجھے کسی امر میں پیچھے نہیں پائے گی۔ ڈویلپمنٹ میں اقلیتی برادریوں کو برابر شریک کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں پر تشدد، ہجوم کا خطرہ ہو وہاں فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔ کسی اکثریت کو کسی بھی منیارٹی ممبر کو بلا جواز تکلیف پہنچانے کا کوئی حق نہیں۔  نبی کریم ؐ نے اقلیتی فرد پر ظلم یا حق غصب کرنے پر روز قیامت اس کی طرف داری کا وعدہ کیا ہے۔ نبی کریمؐ کے احکامات سے بڑھ کر اقلیتوں کے تحفظ کی کیا گائیڈ لائن یا ضمانت ہوسکتی ہے۔ 20دسمبر کو منیارٹی کارڈ لانچ کردیا جائے گا۔ ہر 3ماہ کے بعد منیارٹی کارڈ کے ذریعے نادار فیملیز کو ساڑھے 10ہزار رو پے دیں گے۔ منیارٹی کے لئے کارڈ کی امداد اور خاندانوں کی تعداد بھی بڑھائیں گے۔ اقلیتی برادری کے معذور افرادکو بھی ہمت کارڈ دیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رمیش سنگھ اروڑہ کو اقلیتوں کا منسٹر بنایا۔ رمیش سنگھ اروڑہ کے صوبائی وزیر بننے پر پوری دنیا سے سکھوں نے مبارکباد کے پیغام بھیجے۔ انہوں نے کہاکہ سموگ کے خاتمے کے لئے کام کررہے ہیں تو انڈین سائٹ سے میچنگ رسپانس ہونا چاہیے۔ سموگ کی زہریلی ہواؤں کو بیچ کی لکیر کا پتہ نہیں۔ ماحولیاتی نقصان دونوں طرف پہنچ رہاہے، جب تک دونوں پنجاب مل کر اقدامات نہیں کریں گے سموگ سے نہیں لڑ سکتے۔ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پولیس اور انتظامیہ متحرک اور سرگرم ہے۔ پولیس کو منیارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہندو برادری کو نمستے کا روایتی سلام بھی پیش کیا۔ دیوالی کی تقریب میں امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک کے سفارت کاروں نے خصوصی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لہنگے اور روایتی لباس زیب تن کئے ہوئے خواتین سفارتکاروں کو سٹیج پر بلا لیا۔ ہندو پنڈت کاشی رام  نے پراتھنا اور دیوالی کی رسومات ادا کیں۔ پنڈت کاشی رام نے پاکستان کی ترقی اور استحکام کی خصوصی پراتھنا کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہندو خواتین سے ملکر کیک کاٹا اور انہیں کھلایا۔ رکن قومی اسمبلی کھیل داس نے پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر دیوالی منانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ پاکستان میں نفرت نہیں، محبت ترقی اور خوشحالی ہے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور کے تھانہ شفیق آباد کے پولیس ملازمین کا لڑکے سے تشدد کر کے چوری کا اقرار جرم کرانے کا نوٹس لے لیا۔  وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور بلاامتیاز قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ شادباغ لاہور میں مبینہ پٹرول چھڑک کر 20 سالہ نوجوان کو آگ لگانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔

مزیدخبریں