اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برادر ملک سعودی عرب کے تعاون سے پاکستان کو اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سعودی عرب کی حالیہ سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ سرمایہ کاری معاہدوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی۔ معاہدوں پر دستخطوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل عملدرآمد کا آغاز خوش آئند امر ہے۔ دونوں ملک مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پرسعودی عرب کیِ شاہی دیوان کے مشیر محمد بن التویجری کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور پاکستانی وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹوکے انعقاد سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مدبرانہ سوچ کی عکاسی ہو رہی ہے، سمٹ میں شمولیت پر ہمیں دلی خوشی ہوئی ہے۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمدبن سلمان کے ساتھ اہم اور مفید ملاقات ہوئی، اس ملاقات سے سعودی ولی عہد کی پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ گہری وابستگی کے عزم کا اعادہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو حتمی شکل دینے میں تعاون فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ اداکیا، امید ہے کہ یہ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کا آخری پروگرام ہو گا۔ انشاء اللہ اس کے بعد ہم سخت محنت، کوششوں اور برادر ملک سعودی عرب کے تعاون کے ساتھ پاکستان کو اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی منزل کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ آج اور کل کی ملاقاتوں میں اسلام آباد میں طے پانے والے معاہدوں کے علاوہ مزید معاہدوں پر اتفاق ہوا ہے، وہ آئندہ ماہ کے وسط میں دوبارہ اپنے گھر (سعودی عرب ) آئیں گے، اس دورے سے قبل ہم نے ان معاہدوں پر بہت سارا کام کرنا ہے جو دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ سعودی عرب کی عظیم ٹیم کے ساتھ مل کر ہم معاہدوں کے نظام الاوقات پر عملدرآمد میں کامیاب ہوں گے، مجھے امید ہے کہ اگلی بار جب میں سعودی عرب آئوں گا تو دونوں ملکوں کے عوام کے لئے مزید اچھی خبروں کے ساتھ آئوں گا۔ پاکستان اور سعودی عرب مل کر آگے بڑھیں گے اور متحد ہو کر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیں گے۔ برادر عزیز ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی مدبرانہ قیادت میں نہ صرف پاکستان بلکہ مسلم امہ کے عوام کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔ 25 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر ہم سعودی عرب کے مشکور ہیں، یہ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کے قابل ہوں جس سے نہ صرف سعودی عرب کے ترقیاتی پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ بھی ادا کرنے کے قابل ہوں گے۔ سعودی عرب کے وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی میزبانی پر ہمیں خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کل ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے علاوہ عشایئے میں بھی شرکت کی ، پاکستانی وزیراعظم نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو سے اہم خطاب کیا اور دنیا بھر سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں اور بزنس لیڈروں کو اپنے خیالات میں شریک کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو محمد التویجری کی قیادت میں پاکستان کے ساتھ ورکنگ سطح کی میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات جو پہلے بھی بلند ہیں کو مزیدنئی بلندیوں تک پہنچانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری،تجارتی معاہدوں اور ایم او یوز کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، پاک -سعودی مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کااظہار سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفالح اور سعودی شاہی دیوان کے مشیر محمد بن مزید التویجری سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ تجارت جام کمال خان اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف اقتصادی اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری کے 9 سے 11 اکتوبر کو نجی شعبے کے ایک بڑے وفد کے ساتھ پاکستان کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دورے کے دوران پاکستان میں دستخط کی گئیں مفاہمتی یادداشتوں کے ٹھوس سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں کی شکل میں مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے پاک-سعودی مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی رفتار کو جاری رکھنے پر بھی گفتگو کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعاون کی کوششوں اور عزم پر سعودی وزیر خالد الفالح کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے وژن 2030 کے پس منظر میں دونوں ممالک کے لیے موجود اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 8ویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کے موقع پر ویتنام کے وزیراعظم فام من چن سے ملاقات کی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان ویتنام دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ویتنام کے مابین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ وزیرِاعظم نے اس مقصد کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری وفود کے تبادلے کی تجویز پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے ریاض سے دوحہ، قطر روانہ ہوئے تو ریاض کے نائب گورنر شہزادہ عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو الوداع کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور پاکستان و سعودی عرب کے اعلیٰ سفارتی افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔ دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے ثالثی محمد بن عبدالعزیز الخلیفی، قطر میں تعینات پاکستانی سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفود بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم قطر میوزیم میں "منظر آرٹ ایگزی بیشن ؛ 1940 سے اب تک پاکستان میں آرٹ اور آرکیٹیکچر" کا بھی افتتاح کریں گے۔ وفاقی وزراء خواجہ آصف، جام کمال خان، محمد اورنگزیب اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔شہبازشریف آج دوحہ میں ثقافتی نمائش کا افتتاح کریں گے، وہ قطر کے امیر اور دیگر حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔ شہباز شریف نے ایکس پر بیان میں کہا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دوحہ پہنچا ہوں۔ قطر کی قیادت کے ساتھ تعمیری بات چیت کے منتظر ہیں، دونوں برادر ملکوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات ہو گی۔