عمران خان سے علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کاعدالت میں جواب

Oct 31, 2024 | 13:04

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں ہے،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا عدالت میں جواب،اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوآرڈینیٹر مقرر کئے ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ وہ کوآرڈینیٹر انتظار حسین پنجوتھہ تو اغوا ہو چکے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ان کے علاوہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ بھی ہیں، کوآرڈینیٹر پہلے طے کر لیتے فہرست آجاتی ہے اور ہم ملاقات کروا دیتے ہیں، جیل ملاقات بھی اب ہو رہی ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ جیل ملاقات پر پابندی کیوں لگاتے ہیں جس پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جواب دیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث ہوم ڈیپارٹمنٹ پابندی عائد کرتا ہے۔دوران سماعت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ اس کو دیکھ لیں آئندہ کوئی درخواست ایسے یہاں نہ آئے۔بعدازاںعدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے ملاقات پر پابندی نہ ہونے پر درخواست نمٹا دی۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کی بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے جیل ملاقات کی درخواست پر 31 اکتوبر تک جیل حکام سے جواب طلب کیا تھا۔ عدالت عالیہ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے جیل ملاقات کی درخواست پر سماعت کی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے 31 اکتوبر تک جیل حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ جیل کا مجاز افسر 31 اکتوبر کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا تھا جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کا تحریری آرڈر جاری کر دیاتھا۔

مزیدخبریں