پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کا کہنا ہے کہ حکومت کا وقت بہت محدود ہے، عوام اوربین الاقوامی سطح پران کی کوئی ساکھ نہیں، یہ حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی، ہم دیگر جمہوری پارٹیوں کو بھی جو جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں اور ملک میں لاقانونیت کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں ان کو اپنے ساتھ شامل کریں گے اور ان کے ساتھ جلد ہی بیٹھک کریں گے،جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمیں انصاف ملنے کی توقعات ہیں۔ ذاتی مسائل کی وجہ سے عمران خان کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اور یہ معاملہ لمبا نہیں کیا جاسکتا۔ آج ہماری میٹنگ ہے جس میں ہم فیصلہ کریں گے کہ جدوجہد کا کونسا طریقہ اپنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف جتنے کیسز ہیں کمزور ہیں اس پر سزا ہونا ممکن نہیں ہے اور ہمیں انصاف ملنے کی توقعات ہیں، عمران خان پر سیاسی مخالفت کی بنیاد پرکیسز بنائے گئے ہیں۔ہم قانونی جنگ بھی لڑیں گے اورعوامی اسمبلی بھی لگائیں گے، جتنے فورمز ہیں سب میں اپنی جدوجہد آگے بڑھائیں گے۔ سپریم کورٹ بار کے جو نئے صدر بنے ہیں ان سے امید کرتے ہیں کہ وہ آزاد عدلیہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنماءعمر ایوب کا کہنا تھا کہ جمہوری آوازوں کو دبانا نہ صرف بے نتیجہ بلکہ خطرناک ہے۔ پاکستان بھر میں امن و امان کی صورتحال خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے، سرحدی علاقوں میں بدامنی کی صورتحال میں شدید بگاڑ پیدا ہوچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بدامنی سے لوگوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ یہ انتہائی تشویشناک ہے، ریاست کی بنیادی ذمےداری ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کا بلاامتیاز تحفظ کرے۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا تھاکہ حکومت نے اداروں کو مقبول سیاسی جماعت کی قیادت اور کارکنان کےخلاف سیاسی انتقام پر لگا رکھا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپوزیشن اراکین کو نشانہ بنانے کےلئے استعمال کیا جارہا ہے۔جمہوری آوازوں کو دبانا نہ صرف بے نتیجہ بلکہ خطرناک بھی ہے۔رہنماءپی ٹی آئی عمر ایوب کا یہ بھی کہنا تھاکہ حکومت اپنی ترجیحات تبدیل کرے۔ وسائل کو عوام کے تحفظ کےلیے مختص کرے، قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کی سلامتی اور حفاظت کی ذمہ داری پوری کی جائے۔
حکومت کا وقت بہت محدود ہے: اسد قیصر
Oct 31, 2024 | 13:18