راولپنڈی: ضلع بنوں میں دوران آپریشن شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں خوارج کے خلاف دوران آپریشن بہادری سے لڑتے ہوئے میجر سمیت نائیک اور لانس نائیک نے جام شہادت نوش کیا تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عاطف خلیل شہید (عمر 31 سال، ساکن ضلع سدھنوتی (آزاد کشمیر)، شہید نائیک آزاد اللہ (عمر 36 سال، ساکن ضلع کرک) اور شہید لانس نائیک غضنفر عباس (عمر 35 سال، ساکن ضلع لیہ) کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا ہے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ میجر عاطف خلیل شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی اور کور کمانڈر پشاور نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین میں اعلیٰ عسکری وسول حکام سمیت پاک فوج کے جوانوں، شہداء کے لوحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ ہمارا عزم و حوصلہ بلند ہے اور شہداء کی یہ عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہماری طاقت ہیں۔