2 عہدے توہین عدالت کیس : 10 اکتوبر کو صدارتی استثنی پر دلائل کی ہدایت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لاجر بنچ نے صدر زرداری کے دو عہدوں کے زیر سماعت دائر توہین عدالت کیس کی سماعت دس اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گذار کو آئندہ سماعت پر صدارتی استثنیٰ سے متعلق اپنے دلائل پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل عبدالحئی گیلانی نے اعتراض اٹھایا۔ وفاق کے وکیل وسیم سجاد پشاور ہائیکورٹ میں موجودگی کے باعث پیش نہیں ہو سکتے اور ان کی عدم موجودگی میں کیس کی سماعت اور درخواست گذار کے دلائل پیش کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ عدالت سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے قرار دیا وفاق کے وکیل نے توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے زبانی اعتراضات اٹھائے تھے اور انہیں تحریری طور پر عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا، عدالت آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔ درخواست گذار اے کے ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے کہا وفاق کے وکیل وسیم سجاد مشروط طور پر فریق ہیں اور نہ ہی وہ صدر کے وکیل ہیں لہٰذا کیس کی سماعت ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ وفاق کیس کے التوا کے لئے تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے اور صدر پاکستان مسلسل توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ عدالت نے درخواست گذار کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے صدارتی استثنیٰ سے متعلق عدالت کی معاونت کرنے کا حکم دیا۔