• news

سندھ اسمبلی: 4 جماعتوں کی اپوزیشن بنچوں کیلئے درخواست، اے این پی آج دیگی

کراچی (آئی این پی + این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) سندھ میں بلدیاتی آرڈیننس سے اختلاف کرتے ہوئے حکومت کی 4 حلیف جماعتوں نے اپوزیشن بنچوں کے لئے سپیکر کو درخواست دیدی جبکہ اے این پی آج اپوزیشن بنچوں کے لئے درخواست دے گی۔ آئی این پی کے مطابق فنکشنل لیگ، نیشنل پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق اور ہم خیال کے 13 ارکان سندھ اسمبلی نے جمعرات کو سپیکر سندھ اسمبلی کو اپوزیشن بنچوں پر نشستیں الاٹ کرنے کیلئے درخواست دیدی۔ صدر زرداری کی حلیف جماعتوں کو منانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی۔ پیپلز پارٹی نظام پر جاری آرڈیننس کی اندرون سندھ سخت مخالفت کرتے ہوئے اسے سندھ کی تقسیم کی سازش قراردیا جا رہا ہے، اے این پی کے شاہی سید نے کہا ہے کہ دونوں ارکان کو اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اپوزیشن نشستوں کیلئے سپیکر کو آج درخواست دیں گے۔ این این آئی کے مطابق فنکشنل لیگ کے رہنما جام مدد علی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اپنے ارکان اسمبلی پر اعتماد نہیں اسی لئے بلدیاتی نظام کا آرڈیننس جاری ہوا۔ نیشنل پیپلز پارٹی کے مسرور جتوئی کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مسلم لیگ ق کے شہریار مہر نے بتایا کہ وہ مسلم لیگ ق میں ہیں اور اسے چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ شہر یار مہر نے انکشاف کیا کہ اگلے ماہ تک مسلم لیگ ق وفاق میں بھی اپوزیشن بنچز میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لے گی۔

ای پیپر-دی نیشن