صدر، وزیراعظم نے نوٹس نہ لیا تو اداروں میں ٹکرا¶ ہو گا : عارف حسن
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے کہا ہے کہ صدر پاکستان آصف زرداری اور وزیر اعظم پاکستان ملک میں کھیلوں کے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو اداروں کا ٹکراو ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پاکستان سپورٹس بورڈ کے ماتحت نہیں ہے۔ آئی او سی چارٹر کو ماننے والی فیڈریشن ہی پاکستان اولمپک کے ساتھ الحاق رکھ سکتی ہیں۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے ہونے والے اجلاس میں اگر کوئی بھی منفی اقدام کیا گیا تو یہ نہ صرف سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی خلاف ورزی بلکہ قومی کھیلوں کو بھی نقصان ہوگا۔ متوازی اولمپک ایسوسی ایشن کے قیام سے انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن بھی پاکستان کی بین الاقوامی کھیلوں میں شرکت پر بھی پابندی عائد ہو سکتی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے منفی ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں جس سے تنگ آ کر بہت سی کھیلوں کی فیڈریشن نے پی ایس بی سے الحاق ختم کرنے کے بارے میں سوچنا شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ سیکرٹری سپورٹس کی جانب سے تاریخ کے اندارج کے بغیر ایک ایسا خط موصول ہوا جس میں آرٹیکل 29 کے تحت ہمیں اسلام آباد میں بلایا گیا ہے لیکن حیران کن امر یہ ہے کہ خط میں مجھے 24 ستمبر کو بلایا گیا ہے جبکہ اسلام آباد سے لاہور کے لئے خط بھی 24 ستمبر کو ڈیلوری کیا گیا جو ہمیں 26 ستمبر کو موصول ہوا۔ وفاقی وزیر کھیل بین الصوبائی رابطہ سے بارہا ملاقات کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر ممکن نہیں ہو سکی۔