• news

وزیراعلیٰ صاحب یوٹرن بحال کئے جائیں

مکرمی! وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف صاحب کی توجہ آجکل لاہور میں آبادی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے سیلاب کے باعث ٹریفک کے بے ہنگم رش کو ایک مربوط اور منظم ترقی یافتہ سسٹم میں بدلنے کیلئے تیزی سے جاری ریپیڈ بس ٹرانزٹ سروس کے انقلابی منصوبے کی طرف دلوانا چاہتا ہوں۔ بلاشبہ یہ ایک تاریخی منصوبہ ہے جس کے نہایت دوررس اثرات ہوں گے اور پنجاب اور دیگر صوبوں کے عوام بلکہ خطے کے دیگر ترقی پذیر ممالک بھی اس منصوبے کو اپنے اپنے ہاں رائج کرنا چاہیں گے۔ اس منصوبے کی ایک خامی یا خصوصیت جو اسوقت تک عوام کے سامنے آئی ہے، وہ یہ کہ گجومتہ سے لیکر شاہدرہ تک ماسوائے ٹریفک سگنلز کے، کوئی یوٹرن (CUT) نہیں رکھا گیا، جہاں سے عام پبلک اور پرائیویٹ گاڑیاں مڑ سکیں۔ اس سے باالخصوص ایمبولینسوں اور مقامی رہائشی افراد کو سخت دشواری اور دقت پیش آئیگی، جن کے گھر ایک طرف، بچوں کے سکول دوسری طرف، ہسپتال ایک طرف، میڈیکل سٹور دوسری طرف، ہسپتالوں کے بوڑھے بیمار خواتین بچے مریضوں اور ان کے لواحقین کو ادویات وغیرہ لینے کیلئے کئی فٹ اونچے اوور ہیڈ برج (پل) پر چڑھنا اور اترنا پڑےگا۔ خادم پنجاب سب سے پہلے اس خامی کو دور کرتے ہوئے یو ٹرن بحال کریں۔ (محمد سیف الاسلام)

ای پیپر-دی نیشن