• news

شہر اقبال کے چند فوری حل طلب مسائل

مکرمی ! بین الاقوامی صنعتی شہرت کے حامل شہر سیالکوٹ کے چند دیرینہ حل طلب مسائل ارباب اختیار کی خدمت میں اصلاح احوال کی خاطر پیش ہیں۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائر پورٹ کی بلڈنگ اور وہاں پر مختلف شعبہ جات کے تعمیراتی کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ غیر ملکی ائر لائنوں کی یہاں سے فلائٹوں کے اجرا میں درپیش رکاوٹیں دور ہو سکیں۔ مطلوبہ سہولیات کے فقدان کی وجہ سے سعودی ائر لائنز، برٹش ائرویز، پان امریکن، ائر انڈیا، ائر فرانس، سنگاپور ائر لائنز اور دیگر غیر ملکی ائر لائنیں یہاں سے اپنی پروازوں کے اجرا میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں۔ ریلوے سٹیشن اور جنرل بس سٹینڈ کو جدید ترین تقاضوں کی روشنی میں اپ گریڈ کر کے یہاں سے بند کی جانے والی ریل گاڑیاں بحال کی جائیں جن میں راولپنڈی ایکسپریس، سمہ سٹہ، بابو ٹرین اور ٹیڈی ٹرین سرفہرست ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کے انعقاد کی خاطر جناح سٹیڈیم کی بلاتاخیر بین الاقوامی میعار کے مطابق اپ گریڈیشن کی جائے۔ اہم کاروباری مرکز پرانی گندم منڈی کی سڑک کے درمیان جگہ جگہ نصب شدہ بجلی کے کھمبے بلاتاخیر ہٹا کر مناسب جگہوں پر نصب کر کے حادثات کی روک تھام کی جائے۔ محکمہ اوقاف کی لاپرواہی کی وجہ سے سجادگان دربار عالیہ حضرت سید امام علی الحق شہیدؒ کے تاریخی قبرستان کو منہدم ہونے سے بچایا اور محکمہ کی جانب سے اس قبرستان کی خاطر خواہ نگہداشت کا بلاتاخیر بندوبست کیا جائے اور کاروباری اہمیت کے پیش نظر شہر میں شبانہ ڈاک خانوں کی تعداد بڑھائی جائے۔ (ابو سعدیہ سید جاوید علی شاہ ۔ 29/278 امام صاحب سیالکوٹ، 0332-8675098)

ای پیپر-دی نیشن