• news

گستاخانہ فلم کھلی دہشت گردی ہے

لہذا ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے خاص طور پر یو ٹیوب سروس کو لمبے عرصہ کے لیے پاکستان میں بند کر دیا جائے
امریکہ میں سو شل میڈیا نیٹ ورک پر گستا خانہ فلم ریلیز کرنے پر جس طرح پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں احتجاج کیا گیا، بالکل اس طرح کا کھلم کھلا احتجاج اور اظہار یو اے ای میں تو نہیں ہوا لیکن مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے اس فلم کے جاری کرنے والوں کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن گلف ریجن کے صدر چودھری نورالحسن تنویر کی رہائش گاہ پر ایک اجلاس ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے صدر عبدالوحید پال و دیگر رہنماﺅں انجیئر احسان اللہ، سہیل گھمن، جان قادر، کرامت شاد، سید ذوالفقار شاہ، چودھری محمد آصف، حاجی اقبال احمد سعید، محمد یٰسین باجوہ، چودھری محمد منیر انور، چودھری شاہد جمیل کے علاوہ پاکستان سے سے تحصیل فقیر والی کے سابق ناظم ، سابق صدر مسلم لیگ ن فقیر والی اور جامع مسجد فقیر والی کے خطیب سید انوارالحسن شاہ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر حاضرین مجلس نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ فلم کی ریلیز سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ یہ فلم مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان تشدد اور نفرت پھیلانے کی سازش ہے۔ چونکہ یہ فلم امریکی سر زمین سے جاری ہوئی ہے لہذا امریکہ اس سے لاتعلقی ثا بت نہیں کر سکتا۔ شرکا ئے تقریب نے کہا کہ آقائے دو جہاں حضرت محمد کی حرمت پر ہماری جانیں بھی قربان ہیں ہم بحیثیت مسلمان کسی بھی صورت اپنے رسول کے بارے میں بے حرمتی برداشت نہیں کر سکتے اور نہ ہی آئندہ ایسی حرکت کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔ حاضرین نے کہا کہ شان رسالت میں گستاخی کرنے والوںکی سرکوبی امت مسلمہ کی ایمانی ذمہ داری ہے۔ گستاخانہ فلم کھلی دہشت گردی ہے لہذا ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے خاص طور پر یو ٹیوب سروس کو لمبے عرصہ کے لیے پاکستان میں بند کر دیا جائے۔ توہین رسالت کو عالمی سطح پر جرم قرار دیا جائے جبکہ امریکہ اور دیگر ممالک عالم اسلام کو ایسی گستاخی نہ کرنے کی یقین دہا نی کرائے۔

ای پیپر-دی نیشن