گستاخانہ فلم، 14 اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی تک ٹرین مارچ کرینگے: فضل کریم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ گستاخانہ فلم کے خلاف 14اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی تک ٹرین مارچ کیا جائے گا جو شام 5 بجے کراچی سے شروع ہو گا اور اگلی شب راولپنڈی میں ختم ہو گا، ٹرین مارچ کے دوران 25 ریلوے سٹیشنوں پر احتجاجی جلسے منعقد ہوں گے۔اس بات کا اعلان انہوں نے نیشنل مشائخ کونسل کے صدر خواجہ غلام قطب الدین فریدی کی طرف سے خدا بخش کالونی بھٹہ چوک میںاستقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ صدر زرداری اپنے سسر اور قائد ذوالفقار علی بھٹو کی طرح گستاخانہ فلم کے خلاف اسلام آباد میں اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کریں اور اقوام متحدہ میں توہینِ رسالت کے خلاف قانون سازی نہ ہونے پر اسلامی اقوام متحدہ کے قیام کے لئے مسلم حکمرانوں کو قائل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مسلم حکمران عالمی سطح پر ”متحدہ مسلم بلاک“ تشکیل دیں اور امریکی نیو ورلڈ آرڈر کے توڑ کے لئے مصطفائی ورلڈ آرڈر کا اعلان کریں جبکہ صاحبزادہ فضل کریم 30 ستمبر کو جماعت اہلسنّت کے زیراہتمام سنی سیکرٹریٹ کالاشاہ کاکو جی ٹی روڈ لاہور میں ہونے والی انٹرنیشنل تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے۔کانفرنس کی صدارت پیر سید غلام معین الحق گیلانی کریں گے جبکہ مقررین میں صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی، علامہ سید ریاض حسین، سید حامد سعید کاظمی، مفتی منیب الرحمن، جسٹس ریٹائرڈ میاں نذیر، راغب نعیمی، پیر ظفر اقبال شاہ، صاحبزادہ محب اللہ نوری اور دیگر شامل ہوں گے۔